(ویب ڈیسک ) صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے) پنجاب کی جانب سے مون سون بارشوں کے چھٹے اسپیل کا الرٹ جاری کردیا گیا۔
پی ڈی ایم اے نے 5 اگست سے شروع ہونے والے اسپیل میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گزشتہ ماہ سے بھی زیادہ مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث دریائے چناب اور جہلم میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، حفاظتی انتظامات مکمل کرنے کے لیے ریلیف کمشنر پنجاب نے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور سول ڈیفنس، ریسکیو اور متعلقہ اداروں کو پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ اگست میں مون سون بارشیں گزشتہ ماہ سے زیادہ ہونے کی پیشگوئی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے پیش نظر ایمرجنسی کنٹرول رومز، سول ڈیفنس اور ریسکیو کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ شدید بارشوں سے مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، اربن اور فلیش فلڈنگ کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہیں، گاڑی ہرگز بہتے ہوئے پانی سے کراس نہ کریں۔