ویب ڈیسک: پنجاب میں رواں سال مون سون سیزن اختتام پذیر ہو گیا ، مون سون سیزن میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں ریکارڈ بارشیں ہوئیں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کےمطابق راولپنڈی میں مون سون سیزن میں سب سے زیادہ 1505 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،لاہور 1316، سیالکوٹ 1256 اور گوجرانوالہ میں 1161 ملی میٹر مون سون بارشیں ریکارڈ ہوئیں۔
رواں سال کسی بھی دریا میں بڑے سیلاب کا سامنا درپیش نہیں آیا،شیخوپورہ کے نالوں میں طغیانی کے باعث سیلابی صورتحال پیش آئی،نالہ بھیڈ اور ڈیک میں طغیانی کے باعث فیروز والا اور مرید کے میں 58 دیہات زیرِ آب آئے،سیلاب کے باعث 83 موضع جات اور 43،188 ایکڑ رقبہ متاثر ہوا،سیلاب کے باعث کل 1215 گھر بھی متاثر ہوئے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کاکہناتھاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیشِ نظر شیخو پورہ سیلاب سے متاثرہ فصلوں اور مکانات کے نقصان کے ازالہ کیا جا رہا ہے،دریاوں ڈیمز اور بیراجز کی مسلسل نگرانی کا عمل جاری ہے، پنجاب کے تمام دریاؤں میں پانی کا بہاو معمول کے مطابق ہے۔
پی ڈی ایم اےرپورٹ کے مطابق رواں سال مون سون بارشوں میں حادثات کے باعث 65 شہری جاں بحق اور 382 زخمی ہوئے، رواں سال مون سون بارشوں کے باعث 224 مکانات متاثر اور 21 مویشی ہلاک ہوئے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اےسیف انور جپہ نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی گئی،حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت متاثرہ فیملیز کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔