ویب ڈیسک: سیکرٹری داخلہ و نارکوٹس کنٹرول نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے متعدد افسران اور اہلکاروں کے خلاف احتسابی کارروائی مکمل کرتے ہوئے سزائیں دینے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
یونان کشتی حادثہ 2023 سمیت مختلف معاملات میں غفلت، بدعنوانی اور غیر پیشہ ورانہ رویے کے الزامات میں کئی افسران کو برطرف کیا گیا، جبکہ متعدد کی اپیلیں مسترد کر دی گئیں۔
حکومتی ذرائع کے مطابق، سیکرٹری داخلہ نے کیس ٹو کیس جائزہ لیتے ہوئے یونان کشتی حادثہ میں غفلت کے الزامات ثابت ہونے پر کراچی ایئرپورٹ کے ایک ڈپٹی ڈائریکٹر اور دو اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو برطرف کیا۔ فیصل آباد ایئرپورٹ کے ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو بھی اسی الزام پر برطرف کر دیا گیا۔
ملتان ایئرپورٹ پر تعینات ڈپٹی ڈائریکٹر کو انسانی اسمگلرز سے مبینہ روابط پر 3 سال کے لیے عہدے اور تنخواہ میں کمی کی سزا دی گئی۔
اسی طرح، ناقص تفتیش پر 2 سینیئر انویسٹی گیٹرز اور غفلت پر ایک اسسٹنٹ ڈیٹا بیس ایڈمنسٹریٹر کو ملازمت سے فارغ کر دیا گیا۔ 4 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور ایک انسپیکٹر کو غیر حاضری اور غفلت پر تنخواہ میں 1 سے 3 سال کی کمی کی سزا دی گئی۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر قیدی کو غلط طریقے سے ہینڈل کرنے پر ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور انسپیکٹر کو سینشور کی سزا سنائی گئی۔
سیکرٹری داخلہ نے 6 سب انسپکٹرز، ایک اے ایس آئی، 3 ہیڈ کانسٹیبل اور 5 کانسٹیبلز کی اپیلیں مسترد کرتے ہوئے انہیں نوکری سے برخاست کر دیا۔ غیر حاضری پر ایل ڈی سی کی اپیل بھی مسترد کر دی گئی۔