مصباح الحق نے مکی آرتھر کی متوقع تقرری کو پاکستانی کرکٹ پر طمانچہ قرار دے دیا

مصباح الحق نے مکی آرتھر کی متوقع تقرری کو پاکستانی کرکٹ پر طمانچہ قرار دے دیا
لاہور: سابق کپتان اور ہیڈکوچ مصباح الحق نے مکی آرتھر کی متوقع تقرری کو پاکستان کرکٹ پر طمانچہ قرار دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) مکی آرتھر کے ساتھ معاہدہ کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ سابق ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ یہ ہمارے کرکٹ سسٹم پر طمانچہ ہے، یہ شرمناک بات ہے کہ بہترین کوچز آنا نہیں چاہتے ، ہم اس کی طرف دیکھ رہے ہیں جس نے پاکستان کو سیکنڈ آپشن کے طور پر رکھا ہوا ہے۔ مصباح الحق نے کہا کہ میں اس کا ذمہ دار اپنے سسٹم کو قرار دوں گا جو کہ کمزور ہے، ہمیں خود کو الزام دینا ہو گا ہم نے اپنوں کو عزت دی نہ کریڈٹ ، سابق اور موجودہ کھلاڑی ایک دوسرے کی عزت نہیں کرتے، سابق کھلاڑی اپنے یوٹیوب چینلز کی ریٹنگ کے لیے دوسروں کے خلاف بولتے ہیں۔ سابق کپتان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال سے یہ تاثر بنتا ہے کہ ہم اس قابل نہیں ہیں، کھلاڑی اپنے شکووں شکایتوں کے لیے ایک دوسرے کے خلاف بولتے ہیں، قومی چینلز پر سابق کرکٹرز آپنے ساتھیوں کا مزاق اڑاتے ہیں، یہاں پر ایک دوسرے کی عزت نہیں ہے اور کوئی بامقصد گفتگو نہیں ہوتی۔ مصباح الحق نے مزید کہا کہ پی سی بی ہمیشہ غیر ملکی کوچز کو بیک کرتا ہے، پی سی بی نے کبھی مقامی کوچز کو اسپورٹ نہیں کیا، بورڈ غیر ملکی کوچز کا شوقین ہوتا ہے اور سمجھتا ہے کہ مقامی کوچز سیاسی ہو جاتے ہیں اور اس کے قابل بھی نہیں ہیں ، جب بورڈ دباؤ میں ہوتا ہے تو وہ مقامی کوچز کو بس کے نیچے پھینک دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک عام بیانیہ ہے کہ پاکستان میں کوئی اس قابل نہیں اس لیے بورڈ کو باہر دیکھنا پڑا رہا ہے، افسوسناک چیز یہ ہے کہ ہماری پالیسیوں میں تسلسل نہیں ہے ، بھارت جیسی کامیاب ٹیمیں گھر کے کوچ کی طرف لوٹ چکی ہیں ، ہمارے سسٹم میں بھی کئی ایک اچھے لوگ موجود ہیں ، محمد اکرم، عاقب جاوید، انضمام اور وقار یونس نے اچھی خدمات انجام دی ہوئی ہیں ، ان کرکٹرز کی برے طریقے سے عزت کو خراب کیا گیا ہے، لوگ سمجھتے ہیں کہ یہ لوگ جاب کے لیے اچھے نہیں ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔