بلوچستان میں 17 سکیورٹی اہلکار شہید، 145 دہشت گردوں کی لاشیں ہمارے قبضے میں ہیں، سرفراز بگٹی

بلوچستان میں 17 سکیورٹی اہلکار شہید، 145 دہشت گردوں کی لاشیں ہمارے قبضے میں ہیں، سرفراز بگٹی
کیپشن: بلوچستان میں 17 سکیورٹی اہلکار شہید، 145 دہشت گردوں کی لاشیں ہمارے قبضے میں ہیں، سرفراز بگٹی

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے ساتھ ہونے والے ایک بڑے مقابلے میں 17 سکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے، جبکہ 145 دہشت گردوں کی لاشیں ہمارے قبضے میں ہیں۔

کوئٹہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے بتایا کہ دہشت گردوں نے 31 معصوم شہریوں کی جان لے لی، جن میں گوادر میں پانچ خواتین اور تین بچے بھی شامل ہیں۔ شہید ہونے والی فیملی کا تعلق خضدار سے تھا اور وہ بلوچ تھے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ بلوچ ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں، وہ دراصل دہشت گرد ہیں، کیونکہ بلوچ قوم کا ان سے کوئی تعلق نہیں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ افغان سرزمین بھی پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے، اور اطلاعات ہیں کہ ان دہشت گردوں میں افغان عناصر بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دہشت گرد بشیر زیب، رحمان گل، اور اللہ نظر افغانستان میں موجود ہیں۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہمیں دہشت گرد حملوں کی انٹیلی جنس رپورٹ پہلے ہی موصول ہو چکی تھی، اور اسی بنیاد پر ہم نے ایک دن پہلے ہی آپریشن شروع کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دہشت گرد ہندوستان کے اشارے پر پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اور جب پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے تو اس طرح کے واقعات رونما ہوتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ ہم دشمن کے سامنے سرینڈر کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ "ہم ایک ہزار سال تک ان کے خلاف جنگ لڑیں گے، ہمارا خون سستا نہیں ہے۔ ہم بلوچستان کو ان کے لیے جہنم بنا دیں گے۔"

مذاکرات کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ دہشت گرد بلوچ عوام کو ہندوستان کے ایما پر محض ایندھن بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ "بی ایل اے کوئی قانونی یا رجسٹرڈ جماعت نہیں ہے جس کے ساتھ مذاکرات کیے جائیں۔ یہ اپنی باتوں کو بندوق کے زور پر ہم پر مسلط کرنا چاہتے ہیں۔"

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اس جنگ کو اکثر محرومیوں سے جوڑا جاتا ہے، لیکن ہم دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کر رہے ہیں۔ ہمارا عزم ہے کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے اور ان کے ٹھکانوں کا صفایا کریں گے۔

Watch Live Public News