ویب ڈیسک: حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا دوسرادور جمعرات 2 جنوری کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا ۔ اجلاس کی صدارت سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق بند کمرہ اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم 5 میں دن ساڑھے گیارہ بجے ہوگا، حکومت اور اپوزیشن کمیٹیوں کے اراکین آج رات تک اسلام آباد پہنچ جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور بھی کل کے مذاکرات میں شامل ہونگے،تحریک انصاف اپنا چارٹر آف ڈیمانڈ کل پیش کرے گی۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے چارٹر آف ڈیمانڈ کی تحریری کاپی مانگی تھی،تحریک انصاف نے موقف اختیار کیا کہ وہ کل ہی کاپی اراکین کے سامنے پیش کرینگے۔تحریک انصاف بانی چیئرمین کی رہائی سمیت دیگر قیدیوں کی رہائی کا معاملہ اٹھائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نو مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی تحقیقات کےلیے عدالتی کمیشن کا مطالبہ کیا جائے گا۔ حکومت چارٹر آف ڈیمانڈ کی روشنی میں اپنا لائحہ عمل دے گی۔ اجلاس کے بعد حکومتی اور اپوزیشن کمیٹیوں کے ترجمان میڈیا کو بریفنگ دی گے۔کل کے اجلاس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے دو دن پہلے جاری کردیا تھا۔