ویب ڈیسک: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی جانب سے نئے سال کی آمد پر گورنر ہاؤس میں شاندار آتشبازی کا اہتمام کیا گیا۔ آسمان پر رنگوں کا دلکش منظر پیش کرتے ہوئے آتشبازی کا یہ مظاہرہ 47 منٹ تک جاری رہا، جسے ہزاروں شہریوں نے دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ سال 2025 پاکستان کے لیے عسکری، سفارتی اور معاشی بالادستی کا سال ثابت ہوا۔ انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کے کامیاب دفاعی اقدامات کا ذکر کیا۔ مزید کہا کہ 2025 میں پاکستان دنیا بھر کی توجہ کا مرکز رہا، اور سال کے آخر میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے بھارت کو شکست دے کر قوم کو خوشی کا عظیم تحفہ دیا۔
کامران خان ٹیسوری نے دعا کی کہ 2026 میں پاکستان سازشیوں اور ملک دشمن عناصر کو شکست دے گا، اور ان عناصر کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 2026 میں عوامی خدمت کے لیے گورنر ہاؤس مزید بڑے پروگرامز کرے گا اور دروازے عوام کے لیے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔
گورنر سندھ نے 2025 کے اختتام پر کراچی اور سندھ کی عوام کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے گورنر ہاؤس کے پروگرامز میں شرکت کر کے ان کا حوصلہ بڑھایا۔