ویب ڈیسک: برطانیہ کی ملکہ کمیلا نے نوجوانی میں پیش آنے والے ایک تکلیف دہ واقعے کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہیں کم عمری میں ایک اجنبی شخص کی جانب سے ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ملکہ کمیلا نے بی بی سی ریڈیو کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ ایک روز ٹرین میں سفر کے دوران کتاب پڑھ رہی تھیں کہ اسی دوران ایک اجنبی شخص نے اچانک ان پر حملہ کر دیا اور انہیں ہراساں کرنے لگا۔
ملکہ کمیلا نے کہا کہ اس نازک موقع پر انہیں اپنی والدہ کی نصیحت یاد آئی، جس پر عمل کرتے ہوئے انہوں نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے فوراً اپنا جوتا اتار کر اس شخص پر دے مارا، مزاحمت کی اور خود کو بچاتے ہوئے ٹرین سے اتر گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اُس وقت ان کی عمر تقریباً 16 یا 17 سال تھی اور یہ واقعہ کئی برس تک ان کے لیے ذہنی صدمے کا باعث بنا رہا۔ ملکہ کمیلا کے مطابق جب بھی گھریلو تشدد یا ہراسانی جیسے موضوعات زیرِ بحث آتے ہیں تو یہ واقعہ انہیں آج بھی بے حد پریشان کر دیتا ہے۔
ملکہ کمیلا نے اس واقعے کا ذکر خواتین کو درپیش مسائل اور تشدد کے خلاف شعور اجاگر کرنے کے تناظر میں کیا۔