ویب ڈیسک: پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے نئے مالی سال کے آغاز پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرمایہ کاروں کو خوشگوار حیرت میں ڈال دیا۔ کاروباری ہفتے کے دوسرے روز مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس نئی تاریخی بلندی پر پہنچ گیا۔
مارکیٹ کے آغاز ہی سے سرمایہ کاروں کا اعتماد قابلِ دید رہا، جس کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1100 پوائنٹس کا زبردست اضافہ ہوا۔ انڈیکس پہلے 1,26,669 پوائنٹس تک پہنچا، اور جلد ہی 1,27,000 پوائنٹس کی حد بھی عبور کر لی۔
کاروبار کے دوران یہ تیزی برقرار رہی، اور دن کے اختتام تک انڈیکس میں مجموعی طور پر 1248 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جس سے مارکیٹ 1,26,876 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر آ گئی۔ بعدازاں، مسلسل خریداری کے رجحان کے باعث انڈیکس 1,27,538 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتا دیکھا گیا۔
ماہرین کے مطابق چین کی جانب سے پاکستان کے لیے 3 ارب 40 کروڑ ڈالر کا قرض رول اوور کیے جانے، زرمبادلہ کے ذخائر 14 ارب ڈالر تک پہنچنے اور امریکا کے ساتھ ممکنہ تجارتی معاہدوں کی خبروں نے اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھایا ہے۔ یہی عوامل مارکیٹ میں مسلسل تیزی کی بڑی وجوہات ہیں۔
واضح رہے کہ پیر کو بھی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان غالب رہا تھا، جہاں 1248 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 100 انڈیکس 1,25,627 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
گزشتہ روز اسٹاک مارکیٹ میں 25 کروڑ 89 لاکھ 93 ہزار 624 شیئرز کا لین دین ہوا، جن کی مالیت 20 ارب 30 کروڑ 13 لاکھ 57 ہزار 542 روپے رہی۔