(ویب ڈیسک ) ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا گیا ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے جنگ بندی کے بعد ایک اہم پیشرفت ہوئی ہے جس میں دونوں جانب سے قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ قونصلر رسائی معاہدے 2008 کے تحت یکم جولائی کو دونوں جانب سے قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان کی جانب سے 246 بھارتی یا ممکنہ بھارتی قیدیوں کی فہرست بھارت کے حوالے کی گئی جس میں 53 عام شہری اور 193 ماہی گیر شامل ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ بھارت نے 463 پاکستانی یا ممکنہ پاکستانی قیدیوں کی فہرست پاکستان کے حوالے کی ، جس میں 382 پاکستانی شہری اور 81 ماہی گیر قیدی شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق پاکستان نے سزا مکمل کرنے والے تمام قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا جب کہ جسمانی و ذہنی بیمار قیدیوں کی شہریت کی تصدیق کیلئے قونصلر رسائی کی درخواست کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی حراست میں موجود پاکستانی قیدیوں کی سکیورٹی یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان انسانی بنیادوں پر قیدیوں کی واپسی کو اولین ترجیح دیتا ہے۔