(ویب ڈیسک ) وفاقی حکومت کی جانب سے یوٹیلیٹی اسٹورز کو 10 جولائی سے مکمل بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کو ادارے کی بندش پر وی ایس ایس پیکج کی فراہمی کی ہدایت کر دی۔دستاویز کے مطابق وزیراعظم نے تمام ملازمین کو رضاکارانہ طور پر علیحدہ ہونے کا پیکج دینے کی ہدایت کی ہے۔
ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے زیرِ صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام فعال یوٹیلیٹی اسٹورز کل سے ملک بھر میں آپریشنز بند کرنا شروع کر دیں گے۔ سٹورز پر موجود سامان کو وئیر ہاؤسز میں منتقل کیا جائے گا۔ وئیر ہاؤسز سے سامان حکام کی سرپرستی میں دکانداروں کو واپس کیا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر کے سٹورز اور دیگر دفاتر میں موجود آئی ٹی سامان بھی لوٹایا جائے گا۔ ریکس اور دیگر سامان کی شفاف عمل کے ذریعے نیلامی کی جائے گی۔کرائے پر دئیے گئے سٹورز کو یکم اگست سے خالی کرنے کے نوٹس جاری کئے جائیں گے۔ یوٹیلیٹی اسٹورز کے اثاثوں کے تعین کے لئے جنرل منیجرز آئی ٹی کے ذریعے تخمینہ لگوایا جائے گا۔