ویب ڈیسک:سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی رہائی کے لئے پارٹی کی جانب سے جامع لائحہ عمل اختیار کیا جارہا ہے، تاحال بانی پی ٹی آئی کے خلاف دائر کیسز کا فیصلہ نہیں ہوسکا، اس حوالے سے بانی پی ٹی آئی کےوکیل فیصل چوہدری کا اہم بیان سامنے آیا ہے۔
راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مایوسی کی فضاء ہے، میں بانی پی ٹی آئی کا پیغام لے جانا چاہتا ہوں، میں سمجھتا ہوں اب بھی رہائی کے لیے بہت راستے موجود ہیں، پریشان نہیں ہونا چاہیے۔
فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے ٹھوس اقدامات اور لائحہ عمل بنانا ضروری ہے، لسٹ ایک جیسی بنتی ہے، دوسرے لوگوں کو بھی ملاقات کا موقع دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے مزاحمت اور مفاہمت کے راستے ساتھ ساتھ چلتے ہیں، مفاہمت کا راستہ بھی نہیں چھوڑنا چاہیے، مزاحمت کا آپشن بھی کبھی نہیں چھوڑنا چاہیے۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل کا کہنا تھا کہ میں موسم اور وقت دیکھ کر فیصلہ کرنے والا آدمی ہوں، ماحول دیکھ کر چلتا ہوں، مجھے تو بانی پی ٹی آئی کی رہائی نظر آرہی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عوام کا پرسان حال جیل میں ہے، پیٹرول مہنگا ہونے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔