چین  کے پاوراسٹیشنز کو نشانہ بنانے والے' بلیک آؤٹ بم  ' کی ویڈیو نے تہلکہ مچا دیا

چین  کے پاوراسٹیشنز کو نشانہ بنانے والے' بلیک آؤٹ بم  ' کی ویڈیو نے تہلکہ مچا دیا

(ویب ڈیسک ) چین کے سرکاری نشریاتی ادارے نے ایک ایسی اینیمیٹڈ ویڈیو جاری کی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ چین نے  ایک نیا قسم کا ’’ بلیک آؤٹ بم‘‘ تیار کیا ہے، جو دشمن کے پاور اسٹیشنز کو ناکارہ بنا کر پورے علاقے میں بجلی کا مکمل بریک ڈاؤن کر سکتا ہے۔

یہ ویڈیو چین کے سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے سوشل میڈیا چینل پر شیئر کی گئی، جس میں ایک اینیمیشن کے ذریعے ہتھیار کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ 

اینیمیٹڈویڈیو میں دکھایا گیا کہ یہ میزائل زمین پر موجود کسی گاڑی سے فائر کیا جاتا ہے، جو فضا میں جا کر 90 سلنڈر نما چھوٹے بم گراتا ہے۔یہ سلنڈرز زمین سے ٹکرانے کے بعد اچھلتے ہیں اور ہوا میں پھٹتے ہیں جس سے  باریک کاربن فائبرز  بکھر جاتے ہیں  جو بجلی کے نظام میں شارٹ سرکٹ پیدا کر کے پاور گرڈز کو ناکارہ بنا دیتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ ہتھیار دشمن کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹمز کو شدید متاثر کرنے کے لیے بنایا گیا ہے اور کم از کم 10,000 مربع میٹر کے رقبے پر بجلی بند کر سکتا ہے۔

سی سی ٹی وی نے اس ہتھیار کے حوالے سے چین کی ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کارپوریشن (CASC) کا حوالہ دیا، جو وزارت دفاع کے ماتحت ایک ادارہ ہے۔ تاہم ہتھیار کے نام، آزمائش یا تعیناتی کے بارے میں کوئی حتمی تفصیل نہیں دی گئی۔

یہ واضح نہیں کہ یہ بم مکمل طور پر تیار ہو چکا ہے یا ابھی تجرباتی مراحل میں ہے، البتہ ویڈیو میں اسے "ایک پراسرار دیسی میزائل" کہا گیا ہے۔

ویڈیو کے مطابق اس بم کی رینج 290 کلومیٹر اور  490 کلوگرام تک وار ہیڈ لے کر جا سکتا ہے،جس کی مدد سے دشمن کی فوجی بجلی تنصیبات اور دیگر اہم پاور انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

یہ ٹیکنالوجی دشمن کی طاقت کو بجلی کی بندش کے ذریعے مفلوج کرنے کیلئے ایک مؤثر حربہ تصور کی جا رہی ہے۔

Watch Live Public News