(ویب ڈیسک ) معروف چینی اسکالر پروفیسر وکٹر گاؤ کا کہناہے کہ چین اور امریکا کو پاکستان کا ہمیشہ شکر گزار رہنا چاہیے کیونکہ پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بنیاد رکھی، جو کہ جدید تاریخ کے سب سے بڑے گیم چینجنگ واقعات میں سے ایک ہے۔
ایشین انسٹیٹیوٹ آف ایکو-سولائزیشن ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کے زیرِ اہتمام ایک ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے معروف چینی اسکالر پروفیسر وکٹر گاؤ نے کہا کہ پاکستان نے چین اور امریکا کو ایک دوسرے کے قریب لا کر ایک ایسا راستہ ہموار کیا جس سے دنیا بھر میں ترقی اور امن کو فروغ ملا۔ چین- امریکا تعلقات نے دنیا میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں لائیں، گلوبلائزیشن کو تیز تر کیا اور ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
چین- پاکستان تعلقات پر بات کرتے ہوئے وکٹر گاؤ نے کہا کہ پاکستان چین کیلئے سب سے اہم ملک ہے اور بین الاقوامی تعلقات میں پاکستان کو "آئرن کلاڈ برادر" کی حیثیت حاصل ہے۔ چین ہمیشہ پاکستان کے جائز مفادات اور خودمختاری کا دفاع کرے گا، جیسا کہ ماضی میں 1965 اور 1971 کی جنگوں میں بھی کیا گیا۔ حالیہ پاک-بھارت کشیدگی میں بھی چین نے پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہو کر اپنی دوستی کا ثبوت دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی دشمنوں کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہو سکتی۔ آزاد بلوچستان کا خواب ہمیشہ خواب ہی رہے گا، یہ کبھی حقیقت نہیں بنے گا، چاہے دشمن کچھ بھی کر لیں۔
پروفیسر گاؤ نے مزید کہا کہ پاکستان آزادی کے بعد سے عالمی سیاست میں ایک اہم اور مؤثر کردار ادا کرتا چلا آ رہا ہے۔
ویبینار کے اختتام پر چیئرمین اے آئی ای آر ڈی ( AIERD)، زاہد لطیف خان نے پروفیسر وکٹر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کے ان جذبات کی قدر کرتا ہے، اور دونوں ممالک کو مالیاتی انضمام، مشترکہ اسٹاک مارکیٹ، اور اسلامی مالیاتی نظام (جیسے صکوک بانڈز) کے ذریعے اپنے معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہیے۔
ویبینار کے دوران معروف صحافی ثناء مرزا کے ایک سوال کے جواب میں پروفیسر وکٹر نے کہا کہ پاکستان کو بھارت پر پانچ جہتی(Five Dimensional) جنگ میں برتری حاصل ہے، اس لیے بھارت کو کسی نئی مہم جوئی سے گریز کرنا چاہیے۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے زور دیا کہ چین اور پاکستان کو مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبے میں تعاون بڑھانا چاہیے، کیونکہ چین اوپن اے آئی کوآپریشن پالیسی پر عمل پیرا ہے اور پاکستان کو اس سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔
ویبینار کے اختتام پر اے آئی ای آر ڈی ( AIERD) کے سی ای او اور ماڈریٹر شکیل احمد رامے نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین- پاکستان تعلقات ایک منفرد مثال ہیں جنہیں روایتی نظریات سے نہیں سمجھا جا سکتا۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک مل کر ایک مشترکہ مستقبل کی تعمیر جاری رکھیں گے جو دنیا میں خوشحالی اور پائیدار امن کے اہداف کے حصول میں معاون ہوگا۔