ویب ڈیسک: ٹریفک چالان کی عدم ادائیگی پر لائسنس منسوخ اور شناختی کارڈ بلاک ہوں گے, سندھ حکومت نےبڑا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کےمطابق سندھ حکومت نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر قابو پانے کے لیے اہم فیصلہ کیا، نئے قانون کے تحت نہ صرف جرمانے میں نمایاں اضافہ کیا جائے گا بلکہ چالان ادا نہ کرنے پر ڈرائیونگ لائسنس منسوخ اور شناختی کارڈ (CNIC) بلاک کرنے کی شق بھی شامل کی گئی ہے۔
یہ اعلان سندھ کے انسپکٹر جنرل پولیس غلام نبی میمن نے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی کابینہ نے نئے قوانین کی منظوری دے دی ہے، جن کے تحت کراچی میں ٹریفک کورٹس قائم کی جائیں گی، تاکہ شہری چالان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کر سکیں۔
آئی جی غلام نبی میمن کے مطابق جرمانوں کی موجودہ حد (5000 روپے) میں زبردست اضافہ کیا جا رہا ہے جو خلاف ورزی کی شدت کے مطابق 250,000 روپے تک جا سکتا ہے۔ ایسی خلاف ورزیاں جو جان لیوا خطرے کا باعث بن سکتی ہوں، ان پر جرمانہ دس گنا تک بڑھایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی شہری 21 دن کے اندر چالان ادا نہیں کرتا تو جرمانہ دُگنا ہو جائے گا، 90 دن بعد ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا، اور اگر 180 دن تک چالان ادا نہ کیا گیا تو شناختی کارڈ بلاک کر دیا جائے گا۔
سندھ پولیس چیف کے مطابق صوبے میں ٹریفک نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے۔ نگرانی کے لیے لگے کیمروں کے ذریعے خودکار ای-چالان جاری کیے جائیں گے اور گاڑی کے مالک کے پتے پر بھیجے جائیں گے۔ اس سلسلے میں دستی چالان کا عمل ختم کیا جائے گا، تاہم اس کے لیے حکومت کی منظوری ضروری ہوگی۔