ویب ڈیسک: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان تکنیکی نوعیت کے مذاکرات بدستور جاری ہیں اور یہ بات چیت پہلے سے جاری سفارتی عمل کا تسلسل ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے بتایا کہ واشنگٹن اور تہران مختلف تکنیکی امور پر رابطے میں ہیں اور مذاکرات کا مقصد پہلے سے طے شدہ معاملات پر پیش رفت کرنا ہے۔ انہوں نے دوحہ میں ممکنہ مذاکرات سے متعلق ایران کی عوامی تردید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایسے بیانات ان کے خیال میں ایران کی مذاکراتی حکمتِ عملی کا حصہ ہیں، جسے انہوں نے "فارسی طرزِ مذاکرات" قرار دیا۔
امریکی نائب صدر نے واضح کیا کہ جاری تکنیکی مذاکرات کسی نئے مرحلے کا آغاز نہیں بلکہ پہلے سے جاری سفارتی عمل کی کڑی ہیں۔
دوسری جانب ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ امریکا کے ساتھ کسی حتمی معاہدے کے لیے باضابطہ مذاکرات ابھی شروع نہیں ہوئے۔ تاہم ایران نے تصدیق کی ہے کہ مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد سے متعلق تکنیکی بات چیت کے لیے ماہرین کا ایک وفد اس ہفتے دوحہ بھیجا گیا ہے۔