پاکستان ایران سرحد پر دہشت گردوں کا سکیورٹی فوسز پر حملہ،دہشت گردوں کی فائرنگ کے تبادلے میں فوج کے2 جوان شہید ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ میں پاک ایران سرحد پر سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے بڑا حملہ کیا ہے ، دہشتگردوں کے حملے کا پوسٹ پر تعینات اہلکاروں نے بھرپور جواب دیا ۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے، فورسز نے دہشت گردوں کو پیچھے دھکیل دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہید اہلکاروں میں سپاہی حسنین اشتیاق اور سپاہی عنایت اللہ شامل ہیں، 34 سالہ حسنین اشتیاق ڈی جی خان اور 27 سالہ عنایت اللہ جھل مگسی کے رہائشی تھے۔ ترجمان پاک فوج کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے فرار ہونیوالے دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے علاقے میں فوری طور پر کلیئرنس آپریشن شروع کردیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشتگردوں کو سرحد پار فرار ہونے سے روکنے کیلئے ایرانی حکام سے بھی رابطہ کیا جارہا ہے۔