مولانا فضل الرحمان کا کم عمری میں شادی کے قانون پر احتجاج کا اعلان 

مولانا فضل الرحمان کا کم عمری میں شادی کے قانون پر احتجاج کا اعلان 

(ویب ڈیسک ) جمعیت علمائے اسلام ( جے یو آئی )کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کم عمری میں شادی کے قانون پر ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کردیا۔

مولانا فضل الرحمان نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی اسلامی شناخت کو جان بوجھ کر ختم کیا جا رہا ہے اور ہم ابھی بھی غلامی کے دور سے گزر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  ملک میں قرآن و سنت کے منافی قانون سازی ہو رہی ہے جسے ہم   کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ آج پاکستان میں آئین کو پامال کیا جا رہا ہے اور حکومتی اقدامات کو ہم مسترد کرتے ہیں، اس کے خلاف بھرپور تحریک چلائیں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان میں جائز نکاح کو مشکل بنایا جا رہا ہے۔ جے یو آئی کم عمر شادی کے بل کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے کیونکہ دین اسلام میں شادی کی شرط عمر نہیں بلکہ بلوغت ہے۔ اسلامی نظریاتی کونسل بھی اس قانون کو مسترد کر چکی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ قرآن و سنت کے برعکس کوئی قانون سازی قبول نہیں کی جائے گی، اور جے یو آئی ف کا مؤقف اس بارے میں بالکل واضح ہے۔29 جون کو ہزارہ ڈویژن میں ایک بہت بڑا اجتماع منعقد کیا جائے گا، جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

جے یو آئی کے سربراہ نے کہا کہ  مودی کی حماقت کی وجہ سے خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے اور بھارتی جارحیت کے امکانات موجود ہیں۔ پاکستان اور افغانستان ایک دوسرے کے لیے ناگزیر ہیں۔

Watch Live Public News