ویب ڈیسک: بھارت کی ریاست اتراکھنڈ چمولی ضلع کے بدری ناتھ کے سرحدی مانا گاؤں کے قریب برفانی تودہ گرنے سے پھنسے 55 بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او)کے 33 کارکنوں کو بحفاظت بچا لیا گیا جبکہ 22 دیگر کی تلاش جاری ہے۔
ریاستی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اور بحالی کے سکریٹری ونود کمار سمن نے بتایا کہ ابتدائی طور پر بتایا گیا تھا کہ بدری ناتھ دھام سے چھ کلومیٹر آگے برفانی تودہ گرنے کے واقعے میں 57 مزدور پھنس گئے تھے، لیکن اب مقامی انتظامیہ نے کہا ہے کہ دو مزدوروں کے چھٹی پر ہونے کی وجہ سے موقع پر موجود 55 کارکنان ہی تھے ۔
انہوں نے کہا کہ شام 5 بجے تک 32 کارکنوں کو بحفاظت نکال لیا گیا، جبکہ رات گئے ایک اور کارکن کو نکالا گیا۔وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے کہا، "ہم ہر کارکن کی بحفاظت واپسی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے"۔ برفانی تودہ صبح 7.15 بجے کے قریب گرا جس سے کارکن برف کے نیچے دب گئے۔ یہ کارکن فوج کی نقل و حرکت کے لیے باقاعدگی سے برف ہٹاتے ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس، فوج، بارڈر روڈ آرگنائزیشن، انڈو تبت بارڈر پولیس، اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں