ویب ڈیسک:بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے ضلع اترا کاشی میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی پھیل گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتراکھنڈ کے ضلع اُترکاشی کے دھرالی گاؤں میں بادل پھٹنے کے نتیجے میں ہولناک سیلاب نے تباہی مچا دی، کئی ہوٹل، دکانیں اور گھر پانی میں بہہ گئے، جب کہ اب تک 4 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے اور 50 سے زائد افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق دھرالی اور آس پاس کے علاقوں میں شدید بارش کے بعد اچانک بادل پھٹنے سے ندی نالے اُبل پڑے اور سیلابی ریلوں نے آبادی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا،صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر فوری طور پر ریسکیو کارروائیاں شروع کی گئیں،اب تک 20 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے جبکہ باقی لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو ٹیمیں مسلسل سرگرم عمل ہیں۔
علاقے میں خراب موسم اور زمینی کٹاؤ کی وجہ سے امدادی کاموں میں دشواری کا سامنا ہے، ایک اور بادل پھٹنے کا واقعہ سُکھی ٹاپ کے قریب رپورٹ ہوا ہے، جس سے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔ حکام کے مطابق اس واقعے میں تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم صورتحال پر مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
ریاستی حکومت نے شدید بارشوں اور مزید بادل پھٹنے کے خدشے کے پیشِ نظر متاثرہ علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ سیاحوں کو پہاڑی علاقوں کا سفر نہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، ریاست اتراکھنڈ میں 10 اگست تک شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔