اسلام آباد ( پبلک نیوز) کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے نوجوانوں میں رقم کی تقسیم، حکومت نے 10 ہزار نوجوانوں میں رقم کی تقسیم کا پہلا ٹارگٹ مکمل کر لیا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر مشیر تجارت رزاق داؤد نے ٹویٹ کی اور معاون خصوصی عثمان ڈار کو مبارکباد دی۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں کاروبار کے فروغ کیلئے کامیاب جوان پروگرام پر موثر عملدرآمد قابل تعریف ہے۔
رزاق داؤد کا کہنا تھا کہ معاون خصوصی عثمان ڈار کو 10 ہزار نوجوانوں میں رقم کی کامیاب تقسیم پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ 10 ہزار نوجوانوں میں 8.1 ارب روپے کی رقم تقسیم ہونا خوش آئند ہے۔ کامیاب جوان ملکی صنعت اور معیشت کو بدل کر رکھ دے گا۔
معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ اہم سنگ میل پر وزیراعظم عمران خان اور حکومتی معاشی ٹیم کے تعاون پر شکر گزار ہوں۔ نوجوانوں کی خدمت کا یہ سفر تو ابھی شروع ہوا ہے۔ آنے والے دنوں میں بڑے پیمانے پر رقم کی تقسیم اور اسکل اسکالرشپس شروع کر رہے ہیں۔
ہنرمند پاکستان پروگرام کے ذریعے بھی ہزاروں نوجوانوں کو حکومتی تعاون فراہم کیا جائیگا۔ حکومت کا فلیگ شپ منصوبہ بیک وقت ملک بھر میں جاری ہے۔ اب تک 10 ہزار نوجوانوں کو 8 ارب روپے سے زائد رقم کی تقسیم کا عمل مکمل ہو چکا۔ نوجوانوں ملکی ترقی اور معیشت میں بہتری کیلئے ٹیکس پیئرز کے پیسے کا درست استعمال کریں۔