وزیر اعظم کی بارشوں کی صورتحال پر وفاقی و صوبائی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

وزیر اعظم کی بارشوں کی صورتحال پر وفاقی و صوبائی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بارشوں کی صورتحال پر وفاقی وصوبائی اداروں کو الرٹ رہنے اور شہریوں کی مدد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو صورتحال کی کڑی نگرانی کی ہدایت کی ہے۔ اس حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی ادارے صوبائی حکومتوں اور محکموں کے اشتراک عمل سے کام کریں، جہاں جس چیز کی ضرورت ہو، عوام کے تحفظ اور مدد کے لئے فراہم کی جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ جہاں ضرورت ہے وہاں عوام کو فوری محفوظ علاقوں میں منتقل کیا جائے۔ وزیراعظم نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کو بین الصوبائی قومی شاہراہوں کی مانیٹرنگ کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے لسبیلہ میں کوئٹہ کراچی شاہراہ، اور بولان میں کوئٹہ سبی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی اور عوام کی سہولت کے لئے موثر انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مختلف شاہراہوں اور متاثرہ علاقوں میں عوام کو خبردار رکھا جائے۔ وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ عوام کی جان ومال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، بارشوں کی صورتحال میں شہری خدمات کے تمام محکمے الرٹ رہیں، قومی جذبے اور ذمہ داری کے احساس سے کام کریں، عوام سے بھی اپیل ہے کہ موسمی شدت کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور حکومتی اداروں سے تعاون کریں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔