حکومت پنجاب نے 2027 پتنگ بازی کیلئے نئےقواعدو ضوابط کا اعلان کر دیا

حکومت پنجاب نے 2027 پتنگ بازی کیلئے نئےقواعدو ضوابط کا اعلان کر دیا

(ویب ڈیسک) حکومت پنجاب نے 30 دسمبر 2026  قواعدو ضوابط پر عملدرآمد کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی۔

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئےضوابط جاری کردیے۔

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ ہدایات پر عمل درآمد ہر شہری، عمارت مالک اور منتظم کے لیے لازمی ہوگا۔ پتنگ بازی صرف مضبوط اور محفوظ چھتوں پر کی جا سکے گی۔ہر چھت کی چار دیواری کی اونچائی کم از کم ساڑھے تین فٹ ہونا لازمی قرار دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ والدین اور سرپرستوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بچوں کی مسلسل نگرانی یقینی بنائیں۔بچوں کو بڑوں کی نگرانی کے بغیر چھت کے کناروں کے قریب جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔بچوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ  چھتوں پر بھاگنا، کودنا، کناروں سے لٹکنا اور جارحانہ انداز میں پتنگ لوٹنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ چھتوں پر گنجائش سے زیادہ افراد جمع کرنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔ پتنگ بازی کے دوران اونچی آواز میں موسیقی، ڈی جے سسٹمز اور شور پیدا کرنے والے آلات کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہمسایوں کے لیے پریشانی کا باعث بننے والی ہر حرکت قانوناً جرم تصور ہوگی۔ تمام مقامات پر فرسٹ ایڈ کٹ کی موجودگی اور اس تک آسان رسائی لازمی قرار دی گئی ہے۔کسی بھی حادثے یا ہنگامی صورتحال میں شہری فوری طور پر ریسکیو 1122 سے رابطہ کریں۔

مریم نواز نے کہا کہ حادثے یا قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں عمارت کے مالکان  ایونٹ کے منتظمین کو ذاتی اور مشترکہ طور پر ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔ ضوابط کا مقصد پتنگ بازی کو محفوظ بنانا اور قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکنا ہے۔خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ   پتنگ بازی کے نام پر انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جائے گی۔

وزیراعلی پنجاب مریم نواز  نے تمام ڈی سیز اور ڈی پی اوز کو ضوابط پر 100 فیصد عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔انہوں نے 2026 گزشتہ بسنت میں شہریوں کو قواعدو ضوابط کی پابندی پر بھی شاباش دی۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ لاہور کے شہریوں نے بسنت کے دوران قواعدو ضوابط پر مکمل عملدرآمد کیا۔مجھے یقین ہے آئندہ 2027 کی بسنت کے پہلے مرحلے  کے دوران بھی لاہور کے شہری قواعدو ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔شہری بسنت کے دوران حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں حکومت محفوظ بسنت منانے میں آپکے ساتھ ہے۔

Watch Live Public News