خیبر پختونخوا کابینہ کی تشکیل میں بانی پی ٹی آئی کی ہدایات نظر انداز

خیبر پختونخوا کابینہ کی تشکیل میں بانی پی ٹی آئی کی ہدایات نظر انداز
کیپشن: خیبر پختونخوا: کابینہ کی تشکیل میں بانی پی ٹی آئی کی ہدایات نظر اندازخیبر پختونخوا: کابینہ کی تشکیل میں بانی پی ٹی آئی کی ہدایات نظر انداز

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کی 13 رکنی کابینہ کی تشکیل سے متعلق پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایات کو نظر انداز کر دیا گیا ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق عمران خان نے صوبائی کابینہ کے ارکان کی تعداد 5 سے 8 تک رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ کابینہ سنگل ہندسے سے زیادہ نہ ہو، تاہم کابینہ کی تعداد 13 رکھی گئی ہے۔ جمعہ کو گورنر کے پی کے نے کابینہ کا حلف لیا۔

پارٹی کے ایک ذمہ دار رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اسد قیصر کے بھائی عاقب اللہ خان، شہرام ترکئی کے بھائی فیصل ترکئی اور سابق صوبائی وزیر شکیل خان کو کابینہ میں شامل نہ کرنے کی واضح ہدایات جاری کی تھیں لیکن عمران خان کی ہدایات کو نظر انداز کیا گیا۔

بانی چیئرمین نے پارٹی کے بعض سینئر ارکان کو کابینہ میں شامل کرنے کی ہدایت کی تھی جنہیں ماضی میں نظر انداز کیا گیا تھا۔

دوسری جانب، صوبائی وزیر مینا خان آفریدی نے کہا کہ عمران خان نے کوئی ہدایات جاری نہیں کیں۔ بلکہ انہوں نے پیغام دیا تھا کہ کابینہ کو مختصر رکھا جائے اور سہیل آفریدی اپنی کابینہ کا انتخاب خود کریں۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ میں کسی بھی وقت ردوبدل کیا جا سکتا ہے، عمران خان کسی کو بھی کابینہ میں شامل کر سکتے ہیں اور کسی وزیر کو ہٹانا چاہیں تو ہٹا سکتے ہیں۔

مینا خان نے کہا کہ کابینہ میں سینئر اور تجربہ کار وزراء بھی شامل ہیں جبکہ نوجوانوں کو بھی موقع دیا گیا ہے۔

Watch Live Public News