ویب ڈیسک: انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ گزر گئی، ایف بی آر نے اس بار توسیع نہیں کی، اب پکڑ ہوگی اور جرمانہ ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) نے سال 2025 کے لیے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے میں 17.6 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا ہے۔
ایف بی آر کے بیان کے مطابق 30 جون کو ختم ہونے والے مالی سال 2025 کیلئے تقریباً 60 لاکھ شہریوں نے گوشوارے جمع کرائے، 36 لاکھ ٹیکس دہندگان نے ریٹرن کے ساتھ ٹیکس کی ادائیگی کی جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 18.6 فیصد زیادہ ہے۔
انفرادی طور پر شہریوں نے 69 ارب روپے ٹیکس ادا کیا اور 70,000 ٹیکس دہندگان کو ٹارگٹ ای میلز بھیجی گئیں۔
ایف بی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع نہیں کی گئی۔
بیان کے مطابق جن ٹیکس دہندگان کو مشکلات کا سامنا ہے وہ متعلقہ فیلڈ فارمیشن سے رابطہ کر کے گوشوارے جمع کرانے میں توسیع کر سکتے ہیں۔