امریکی گلوکار فیٹ مین اسکوپ لائیو پرفارمنس کے دوران چل بسے

امریکی گلوکار فیٹ مین اسکوپ لائیو پرفارمنس کے دوران چل بسے
کیپشن: امریکی گلوکار فیٹ مین اسکوپ لائیو پرفارمنس کے دوران چل بسے

ویب ڈیسک: امریکا سے تعلق رکھنے والے معروف گلوکارفیٹ مین اسکوپ لائیو پرفارمنس کے دوران اسٹیج سے اچانک گر کر جاں بحق ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی ریپر فیٹ مین اسکوپ، جن کا اصل نام آئزک فری مین III تھا 53 سال کی عمر میں کنیکٹیکٹ کے شہر ہیمنڈن میں ایک کنسرٹ کے دوران اسٹیج پر گرنے کے بعد چل بسے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق گلوکار کو پرفارمنس کے دوران اچانک سینے میں تکلیف محسوس ہوئی جس کے بعد وہ اسٹیج پر گِرگئے تھے۔

بعدازاں انہیں  فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے اور دُنیا سے رخصت ہوگئے۔

گلوکار کے ٹور مینیجر، ڈی جے اور پروڈیوسر برچ مائیکل نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے فیٹ مین اسکوپ کی موت کا اعلان کیا۔

فیٹ مین اسکوپ کی اچانک موت  کی اس خبر نے سوشل میڈیا پر پھیلتے ہی اُن کے مداحوں سمیت امریکی میوزک انڈسٹری کو غم سے نڈھال کردیا ہے۔

واضح رہے کہ فیٹ مین اسکوپ نیویارک میں پیدا ہوئے تھے اور ان کا اصل نام آئزک فری مین III ہے، وہ اپنی پُرجوش پرفارمنس اور خوبصورت آواز کی وجہ سے کافی مقبول تھے۔

فیٹ مین اسکوپ نے اپنے کیریئر کے دوران متعدد سُپر ہٹ گانے دیے اور کئی بین الاقوامی موسیقی ایوارڈز بھی اپنے نام کیے۔

ریپر فیٹ مین اسکوپ کو 90 کی دہائی میں نیویارک سٹی کے ہِپ ہاپ منظر نامے کی ایک بااثر شخصیت سمجھا جاتا تھا۔

Watch Live Public News