ویب ڈیسک: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے شہریوں اور انتظامی اداروں کو ایک اہم وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں یکم سے 3 ستمبر تک شدید موسلادھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے، جس کے نتیجے میں سیلابی صورتحال میں خطرناک حد تک اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ بارشوں کے باعث پہلے ہی کئی علاقے متاثر ہو چکے ہیں اور نئی پیش گوئی کے مطابق خاص طور پر شمال مشرقی، وسطی اور جنوبی پنجاب کے اضلاع کو زیادہ خطرہ لاحق ہے۔ رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ مری، راولپنڈی، جہلم، اٹک، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں شدید بارشیں ندی نالوں کے بھر جانے اور سیلابی ریلوں کا سبب بن سکتی ہیں۔ اسی طرح لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، سرگودھا، بھکر، لیہ اور میانوالی میں بھی موسلادھار بارشوں کے بعد پانی کی سطح بلند ہونے کا خدشہ ہے۔
ادارے نے جنوبی پنجاب کے اضلاع ڈیرہ غازی خان، ساہیوال، ملتان، بہاولنگر، بہاولپور اور رحیم یار خان میں بھی شدید بارشوں اور سیلابی صورت حال پر خبردار کیا ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ بالائی علاقوں میں ممکنہ شدید بارش اور دریاؤں میں تیز بہاؤ مرالہ ہیڈ ورکس سمیت ملحقہ علاقوں کے زیر آب آنے کا خطرہ بڑھا دے گا۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ نشیبی علاقوں اور برساتی نالوں کے قریب غیر ضروری طور پر نہ جائیں اور ممکنہ خطرے کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ادارے نے خاص طور پر اس بات پر زور دیا ہے کہ تیز بہاؤ کی صورت میں کسی بھی صورت میں ندی نالوں، پلوں یا پانی میں ڈوبی ہوئی سڑکوں سے گزرنے کی کوشش نہ کی جائے۔
مزید برآں، این ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نشیبی علاقوں سے فوری نکاسی آب کے لیے مشینری اور پمپس تیار رکھے جائیں، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا سکے۔
یہ الرٹ ایک ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب پہلے سے متاثرہ علاقوں کے لوگ بارشوں کے باعث مشکلات کا شکار ہیں اور مزید بارشوں سے ان کی مشکلات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
آزادکشمیر میں بھی شدید بارشوں کا الرٹ:
آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آزاد کشمیر میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کردی۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے ایکس اکاؤنٹ پر کی گئی پوسٹ میں کہا گیاہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں خصوصاً وادی نیلم، مظفرآباد، باغ،شردھا حویلی اور کوٹلی میں اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارشیں متوقع ہیں جس کے باعث سیلاب اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔این ڈی ایم اے تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے آگاہ کر دیا۔