کینیڈا میں پی آئی اے کی فضائی میزبان سے آئس برآمد کیے جانے کا انکشاف

کینیڈا میں پی آئی اے کی فضائی میزبان سے آئس برآمد کیے جانے کا انکشاف
کیپشن: Ice export from PIA air hostess in Canada revealed

ویب ڈیسک: کینیڈین حکام نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز ( پی آئی اے) کی ایئرہوسٹس حناء ثانی کے جوتوں سے آئس (منشیات) برآمد کی ہے، فضائی میزبان کو گزشتہ دنوں غیر قانونی سرگرمی کے شبے میں گرفتار کیا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق ٹورنٹو میں غیر قانونی سرگرمی کے شبے میں حراست میں لی گئی پی آئی اے کی ایئرہوسٹس حنا ثانی کے معاملے نے حیران کن موڑ لے لیا ہے۔ ابتدائی طور پر رہا کیے جانے کے بعد اب انہیں دوبارہ گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا ہے۔

پی آئی اے کے ترجمان نے حنا ثانی کی جیل منتقلی کی تصدیق کی ہے تاہم ان کے خلاف مخصوص الزامات ابھی تک واضح نہیں ہیں۔ یہ پیشرفت ایسٹر کی تعطیلات کے اختتام پر ہفتہ کے درمیان سامنے آئی ہے۔

توقع ہے کہ کینیڈین امیگریشن حکام انہیں جلد مقامی عدالت میں پیش کریں گے۔

میڈیا رپوٹس کے مطابق حنا ثانی نے مبینہ طور پر ٹورنٹو ہوائی اڈے پر تعینات پی آئی اے کے دو دیگر اہلکاروں فائزہ جاوید اور جمیل کا نام لیا جنہوں نے مبینہ طور پر ان کی مدد کی۔

اطلاعات کے مطابق کینیڈین امیگریشن حکام نے فائزہ اور جمیل سے رات گئے تک پوچھ گچھ کی اور اس معاملے میں ان کے ممکنہ ملوث ہونے کا عندیہ دیا۔

خیال رہے کہ اگر حنا ثانی کو ملک بدر کیا جاتا ہے تو وہ عملے کی حیثیت سے نہیں بلکہ مسافر کی حیثیت سے پاکستان واپس جائیں گی۔ گرفتاری سے قبل حنا کو مبینہ طور پر کینیڈین حکام کی جانب سے وارننگ موصول ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان کی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے مبینہ طور پر پی آئی اے سے رابطہ کرکے حنا ثانی کے معاملے کے بارے میں تفصیلات طلب کی ہیں۔