میرے کھانے میں ’’ ہارپک ’’ کے قطرے ملائے گئے ، بشری بی بی

bushra bibi
کیپشن: bushra bibi
سورس: google

ویب ڈیسک :عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے کہا ہے کہ شب معراج کے روز میرے کھانے میں ہارپک(Harpic) کے 3 قطرے ملائے گئے تھے، تحقیق سے پتا چلا کہ harpic سے ایک ماہ بعد طبیعت ذیادہ خراب ہوتی ہے، مجھے آنکھوں میں سوجن ہوجاتی ہے سینے اور معدے میں تکلیف ہوتی ہے، کھانا اور پانی بھی کڑوا لگتا ہے۔

اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بشریٰ بی بی کا کہنا تھا کہ پنجابی کہاوت ہے کہ بندہ بندے نوں کھا جاندا اے، جج اور اداروں کو بندے کھاتے دیکھا تو اس کہاوت کی سمجھ آئی ہے۔ میرے امریکی ایجنٹ ہونے سے متعلق پارٹی میں باتیں پھیلائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے بنی گالہ میں باعزت طریقے سے رکھا گیا ہے۔ پہلے کھڑکیاں بند رکھی جاتی تھی اب کچھ دیر کے لیے کھول دی جاتی ہیں۔ گزشتہ سماعت پر میں نے جو خان صاحب کی زندگی کو درپیش خطرات ہیں ان پر بات کی تھی لیکن میڈیا نے اسے رپورٹ نہیں کیا۔ مجھے جیل میں بھی کسی نے بتایا تھا کہ کھانے میں ہارپک ڈالا گیا اس کا نام نہیں بتاؤں گی۔

ایک صحافی نے پوچھا کہ پہلے آپ کی جانب سے بیان آیا تھا کہ شہد میں کچھ ملایا گیا ہے، اب کہا جا رہا ہے کہ ہارپک کھانے میں ڈالا گیا؟ اس پر بشریٰ بی بی نے کہا کہ پہلے شہد میں بھی کچھ ملایا گیا تھا، اب کھانے میں بھی ہارپک ملایا گیا ہے۔ صحافی نے پھر پوچھا کہ زہر والے معاملے کی انکوائری ہوئی تو آپ کے پاس کیا ثبوت ہے؟ اس پر انہوں نے غصے سے کہا کہ میں کہاں سے ثبوت لاؤں اور گفتگو ختم کردی۔

بشریٰ بی بی کے رویے پر صحافیوں نے بانی پی ٹی آئی سے احتجاج کیا تو عمران خان نے کہا کہ بشریٰ بی بی نے میڈیا کو کبھی ڈیل نہیں کیا ان کی باتوں کو سنجیدہ نہ لیں اور نہ ہی ان کی باتوں کا برا منائیں۔