ویب ڈیسک: لاہور چڑیا گھر میں زائد قیمتیں وصول کرنے کی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سینئر وزیر مریم اونگزیب نے کہا عوام صرف 100 روپے میں پورا چڑیا گھر دیکھ سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سینئروزیرمریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ قیمت میں کسی قسم کا کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ،رینگنے والے جانوروں کو دیکھنے کا ٹکٹ 200 روپے ہےاسی طرح ایکویریم کا 200 روپے ، ہولوگرام کا ٹکٹ 300 روپے ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ چڑیاگھر میں یہ نئی سہولیات ہیں جن کی قیمت الگ مقرر کی گئی ہےچڑیا گھر کا 98 فیصد حصہ 100 روپے میں دیکھا جا سکتا ہے۔داخلہ ٹکٹ کے لیے الگ کاؤنٹرز موجود ہیں،ٹکٹنگ سینٹر کے باہر ایک شکایت سیل بھی قائم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دو سال کے بعد عید الفطر پر چڑیا گھر کھلا ہے،گزشتہ روز 35 ہزار شہری چڑیا گھر آئے جو ریکارڈ ہے ،زیادہ افراد کی آمد کی وجہ سے بعض انتظامی مسائل پیدا ہوئے،یقینی بنایا جا رہا ہے کہ مستقبل میں ایسا نہ ہو، مریم اورنگزیب نے ڈی جی وائلڈ لائف کو فوری چڑیا گھر پہنچنے کی ہدایت کردی۔
ڈائریکٹر چڑیا گھر کا کہناہے کہ انٹری ٹکٹ کی کل بھی اور آج بھی فی ٹکٹ 300 روپے شکایات موصول ہوئی،عوام کی شکایات کو دور کر دیا گیا ہے اب صرف 100روپے انٹری ٹکٹ ہے،اوورچارجنگ کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائےگا اور100 روپے ٹکٹ کو یقینی بنایا جائےگا جبکہ سنیک ہاؤس, برڈ ہاؤس , کی علیحدہ علیحدہ ٹکٹس ہیں۔
یاد رہے کہ لاہور میں چڑیا گھرکی ٹکٹ 80 روپے سے بڑھا کر 300 روپے کر دی گئی تھی، ٹکٹ کی قیمت میں اچانک اضافے سے عید پر تفریح کے لیے آنے والے شہری پریشان تھےاور ٹکٹ دیکھ کر واپس جانے لگے جبکہ کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں بھی کئی گنا اضافے کی شکایت موصول ہوئی ہیں۔