بیٹ مین فارایور ، ٹاپ گن کے اداکار  وال کلمر انتقال کر گئے

بیٹ مین فارایور ، ٹاپ گن کے اداکار  وال کلمر انتقال کر گئے

(ویب ڈیسک )بیٹ مین فار ایور  ، ٹاپ گن کے مشہور اداکارول کلمر65 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق  ہالی ووڈ کے معروف اداکاروال کلمر،جو 1980 اور 1990 کی دہائی میں بلاک بسٹر فلموں  (بیٹ مین فارریور، ٹاپ گن )میں اپنی شاندار اداکاری کے لیے مشہور تھے 65 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ ان کی موت نمونیا کے باعث ہوئی۔

خیال رہے کہ کلمر کو 2014 میں گلے کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد انہیں ٹریکی اوٹمی (سانس کی نالی میں سوراخ کرنے کا آپریشن) کروانا پڑاجس سے ان کی آواز مستقل طور پر متاثر ہوئی۔

وہ 2022 میں ریلیز ہونے والی فلم ٹاپ گن میں مختصر مگر یادگار واپسی کے ذریعے ایک بار پھر اسکرین پر جلوہ گر ہوئے۔یہ فلم 1986 کی کلاسک فلم “ ٹاپ گن” کا طویل انتظار کے بعد آنے والا سیکوئل تھا، جس نے ان کے کیریئر کو نئی بلندیوں تک پہنچایا تھا۔

فلم میں ول کلمر نے اپنے مشہور کردار “ٹام آئس مین کازانسکی” کو دوبارہ نبھایا، جو فلم میں بیماری کے باعث چل بسنے والے ایک کردار کے طور پر دکھایا گیا۔

یہ کردار ان کے اصل زندگی کے صحت کے مسائل کو بھی عکس بند کرتا تھا، اور ان کی فنی زندگی کا ایک شاندار اختتام ثابت ہوا۔

ول ایڈورڈ کلمر 31 دسمبر 1959 کو لاس اینجلس میں پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق ایک متوسط طبقے کے گھرانے سے تھا اور ان کے والدین کرسچن سائنس کے پیروکار تھے جس عقیدے پر وہ اپنی پوری زندگی کاربند رہے۔

وہ  17 برس کی عمر میں، نیویارک کے “جولیارڈ اسکول” میں داخلہ لینے والے اس وقت کے سب سے کم عمر طالب علم بنے، جہاں سے ان کے اداکاری کے شاندار سفر کا آغاز ہوا۔

انہوں نے ابتدا میں مزاحیہ فلموں “ٹاپ سیکرٹ!” (1984) اور “ریل جینئس” (1985) میں بھی کام کیا تالم ان کی  اصل شہرت “ ٹاپ گن” (1986) میں “آئس مین” کے کردار سے ہوئی، جس میں انہوں نے ٹام کروز کے کردار “میورک” کے حریف پائلٹ کا کردار ادا کیا۔

Watch Live Public News