(ویب ڈیسک)ہالی ووڈ کی مقبول سپر ہیرو فلم سیریز ’ اسپائیڈر مین‘ کے مرکزی اداکار ٹام ہالینڈ اور اداکار جون برنتھل نے پاکستانی مداحوں کے لیے خصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔
فلم کے نئے سیکوئل ’ اسپائیڈر مین: برینڈ نیو ڈے‘ کی عالمی ریلیز کی تیاریاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں دونوں اداکاروں نے پاکستانی شائقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی مسلسل محبت اور حمایت کو سراہا۔
ویڈیو پیغام میں ٹام ہالینڈ نے کہا، ’’ہیلو پاکستان! گزشتہ کئی برسوں سے اسپائیڈر مین سیریز سے بے مثال محبت کرنے اور ہماری بھرپور حوصلہ افزائی پر آپ سب کا دل سے شکریہ۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی مداحوں کی غیر معمولی سپورٹ نے ’ اسپائیڈر مین: نو وے ہوم‘ کی شاندار باکس آفس کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
اس موقع پر جون برنتھل نے بھی پاکستانی ناظرین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ جس محبت کا اظہار انہوں نے گزشتہ فلموں کے لیے کیا، اسی جذبے کے ساتھ وہ ’ اسپائیڈر مین: برینڈ نیو ڈے‘ کا بھی استقبال کریں اور اسے کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
واضح رہے کہ ایکشن اور ایڈونچر سے بھرپور ’ اسپائیڈر مین: برینڈ نیو ڈے‘ 31 جولائی کو پاکستان بھر کے بڑے سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی، جہاں مداح اس فلم کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔