ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ مکمل اور درست سفری دستاویزات رکھنے والے کسی بھی مسافر کو نہ روکا جا رہا ہے اور نہ ہی آئندہ روکا جائے گا، البتہ جعلی یا نامکمل دستاویزات والے افراد کو ہرگز سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
لاہور ایئرپورٹ کے دورے کے دوران محسن نقوی نے امیگریشن کاؤنٹرز پر مسافروں کی ٹریول ہسٹری کو شناختی کارڈ اور پاسپورٹ سے منسلک کرنے کے نظام کا جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ نے ایف آئی اے ڈائریکٹر اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تیز رفتار سسٹم نے امیگریشن کے عمل کو مؤثر بنا دیا ہے۔
دورے کے دوران محسن نقوی نے بیرون ملک جانے اور وطن واپس آنے والے مسافروں سے گفتگو بھی کی۔ مسافروں نے امیگریشن عمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ امیگریشن کا عمل صرف دو منٹ میں مکمل ہو رہا ہے اور وزیر داخلہ کے مسلسل دوروں سے سسٹم پہلے سے بہتر ہوا ہے۔
وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ پاکستان کی عزت سب کے لیے مقدم ہے، اسی لیے وہ مسافر جو جعلی دستاویزات کے باعث ملک کی بدنامی کا سبب بن سکتے ہیں، انہیں سفر کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
ایئرپورٹ کے دورے میں ڈائریکٹر ایف آئی اے علی ضیاء سمیت متعلقہ حکام بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ تھے۔