ویب ڈیسک: سابق جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی اور انگلش آل راؤنڈر معین علی کے بعد اب ایک اور نامور آسٹریلوی کھلاڑی نے آئی پی ایل سے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے۔
آسٹریلوی جارح مزاج بیٹنگ آل راؤنڈر گلین میکسویل نے آئی پی ایل کے آئندہ ایڈیشن کے لیے خود کو رجسٹرڈ نہیں کرایا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، آئی پی ایل کی منی آکشن میں 1355 کھلاڑیوں نے خود کو رجسٹرڈ کروایا ہے، تاہم ان میں گلین میکسویل شامل نہیں ہیں۔
میکسویل نے رائل چیلنجرز بنگلورو کے لیے ایک مختصر عرصے میں اہم کردار ادا کیا، لیکن ایک مایوس کن سیزن کے بعد ٹیم نے انہیں ریلیز کر دیا تھا۔ 2025 کے میگا آکشن میں پنجاب کنگز نے انہیں خریدا تھا، لیکن وہاں بھی ان کی کارکردگی مایوس کن رہی، جس کے باعث ٹیم نے انہیں برقرار نہیں رکھا۔
رپورٹ کے مطابق، پنجاب کنگز سے ریلیز ہونے کے بعد گلین میکسویل نے آئی پی ایل منی آکشن میں رجسٹریشن نہیں کرائی، جس کے نتیجے میں یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ 2026 کے ایڈیشن میں شرکت نہ کریں۔
واضح رہے کہ فاف ڈوپلیسی اور معین علی نے حال ہی میں آئی پی ایل چھوڑ کر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا حصہ بننے کا اعلان کیا ہے۔