ویب ڈیسک: شہراقتدار میں دہشت گردی اور لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کے معاملے میں نئی پیشرفت سامنے آئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں کیپٹل ایلیٹ فورس بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ ایلیٹ فورس کو ٹریننگ ایس ایس جی کمانڈو دیں گیں۔ ایلیٹ فورس کے لئے جوانوں کو 3 ماہ کا کورس کروایا جائے گا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ایلیٹ فورس اسلام آباد میں بطور ٹاسک فورس بھی کام کرے گی۔ ایلیٹ کورس کرنے والے جوانوں کو 30 فیصد الاؤنس بھی دیا جائے گا۔ ایلیٹ فورس کے لئے اسلام آباد پولیس کے 250 جوانوں کو شارٹ لسٹ کر لیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ ابتدائی طور پر پولیس لائن میں ہی ایلیٹ فورس کو جگہ دی جائے گی۔ مستقبل میں ایلیٹ فورس کے لئے الگ سے ہیڈ کوارٹر بھی بنایا جائے گاجبکہ ایس ایس پی رینک کا افسر ایلیٹ فورس کا سربراہ ہو گا۔