ویب ڈیسک: چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن پاکستان کا اہم اجلاس ہوا، جس میں کئی ججز کی ترقی اور تعیناتیوں کے حوالے سے اہم سفارشات پیش کی گئیں۔
ذرائع کے مطابق، جسٹس ظفر احمد راجپوت کی سندھ ہائی کورٹ کا چیف جسٹس کے طور پر تعیناتی کی سفارش کی گئی ہے۔ اس وقت وہ قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے طور پر اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔
اسی طرح، جسٹس محمد کامران ملا خیل کو بلوچستان ہائی کورٹ کا چیف جسٹس بنانے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔ وہ اس وقت قائم مقام چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
اجلاس میں سپریم کورٹ کے لیے بھی اہم فیصلہ کیا گیا، جس کے تحت جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کو سپریم کورٹ کا مستقل جج بنانے کی سفارش کی گئی۔ وہ اس وقت قائم مقام جج سپریم کورٹ کے طور پر اپنی ذمے داریاں نبھا رہے ہیں۔
یہ اجلاس پاکستان کے عدلیہ میں اہم تعیناتیوں اور تبدیلیوں کی راہ ہموار کرے گا، جس سے عدلیہ کی کارکردگی میں مزید بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔