بہاولپور: پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے وطن واپسی کی تیاری شروع کر دی ہے وہ آئندہ چند ہفتوں میں ملک میں ہی ہوں گے ۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن کی مریم نواز کا کہنا تھا نواز شریف بہت جلد وطن واپس آئیں گے، انہوں نے تیاری بھی شروع کر دی ہے لیکن ٹکٹ کنفرم ہونے تک حتمی تاریخ نہیں بتا سکتی ہوں ۔ سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کو اقتدار تک پہنچنے کیلئے بیساکھیوں کی ضرورت تھی، 4 سال اقتدار میں رہے تو اسٹیبلشمنٹ کی تعریف کرتے رہے تھے ، اقتدار سے باہر آئے تو اسٹیبلشمنٹ کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا تھا ۔ چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ ن لیگ حقائق پر بات کرے گے، ہمارا بیانیہ حقائق پر مبنی ہے ، ہمیں کسی کی بیساکھیوں کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ گھڑی چور کی کے پی میں دس سال تک حکومت رہی ہے ، سب سے زیادہ فنڈز ملنے کے بعد بھی کے پی میں سہولیات نہیں ہیں ، کے پی کی پولیس تنہا کھڑی ہے ، یہ بات واضح کرتی ہے کہ فنڈز کو کن مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا ہے ۔ شاہد خاقان عباسی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی ہمارے سینئر ہیں، وہ نواز شریف کے دیرینہ ساتھی اور میرے بڑے بھائی ہیں ، ان کی اور دیگر پارٹی رہنماؤں کی سرپرستی میں ہی آگے بڑھوں گی ۔ مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ میں شاہد خاقان عباسی سے خود ملوں گی، ہم اپنے دلوں کی باتیں ایک دوسرے کے سامنے رکھیں گے لیکن مخالفین اس میں جو خوشی ڈھونڈنے کی کوشش کر رہے ہیں انہیں وہ خوشی کبھی نہیں ملے گی کیونکہ شاہد خاقان عباسی بہت باوفا اور بااصول آدمی ہیں ۔