ویب ڈیسک: ملک میں ایک بار پھر سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمر میں تین سال اضافے کا جعلی نوٹیفکیشن سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حکومت پاکستان نے وفاقی ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمر 60 سے بڑھا کر 63 سال کر دی ہے۔
یہ نوٹیفکیشن اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے نام سے جاری کیا گیا تھا اور کہا گیا کہ یہ فیصلہ یکم جنوری 2026 سے نافذ ہو گا۔ تاہم سرکاری ذرائع نے اس نوٹیفکیشن کو جعلی اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔ جعلی نوٹیفکیشن میں لوگو خیبر پختونخوا، ٹائٹل وزارت پاکستان اسلام آباد اور شکیل قدیر خان چیف سیکرٹری وزارت پاکستان کے جعلی دستخط دکھائے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق فنانس ڈویژن اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے اس طرح کا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا اور نہ ہی ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافے کی کوئی باقاعدہ منظوری دی گئی ہے۔
متعلقہ اداروں نے عوام اور سرکاری ملازمین سے اپیل کی ہے کہ وہ اس قسم کی جعلی اطلاعات پر یقین کرنے کے بجائے صرف مستند سرکاری ذرائع اور سرکاری گزٹ میں شائع ہونے والے نوٹیفکیشنز پر انحصار کریں۔