ویب ڈیسک: ڈپٹی میئر کراچی سلمان مراد کا کہنا ہے کہ کراچی موبائل مارکیٹ میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ فائر بریگیڈ اور ریسکیو اداروں نے بروقت کارروائی کی، الحمدللہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ڈپٹی میئر نے کہا کہ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے۔ متاثرہ دکانداروں کے نقصانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ شہری انتظامیہ صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صدر میں واقع موبائل مارکیٹ میں آتشزدگی کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی سے رپورٹ طلب کی تھی۔ انہوں نے متاثرہ عمارتوں میں فوری ریسکیو اور امدادی کارروائی کی ہدایت کی تھی۔مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔