ڈریسنگ روم میں اختلافات ، بھارتی کپتان شرما غائب، گوتم گھمبیر کی پریس کانفرنس

due to rohit sharma team india not announced
کیپشن: due to rohit sharma team india not announced
سورس: google

 ویب ڈیسک : آسٹریلیا کے خلاف میلبرن ٹیسٹ میں شکست کے بعد سے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے درمیان اختلافات کی خبریں سامنے آ رہی ہیں اور معاملہ یہاں تک پہنچ گیا ہے کہ اب تک یہ معلوم نہیں کہ کپتان روہت شرما آخری ٹیسٹ میچ کی 11 رکنی ٹیم کا حصہ ہوں گے یا نہیں۔ غیر معمولی طور پر سڈنی ٹیسٹ کے لئے ٹیم اناؤنس نہیں ہوسکی جبکہ پریس کانفرنس بھی روہت شرما کی جگہ ہیڈ کوچ گوتم گھمبیر نے کی ہے۔

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آخری میچ جمعے سے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں شروع ہو گا۔ یہ میچ دونوں ہی ٹیموں کے لیے اس لیے بھی اہم ہے کہ کیوں کہ جیتنے والی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں جنوبی افریقہ کا مقابلہ کرے گی۔

سڈنی ٹیسٹ جیتنے کے لیے نہ صرف بھارتی کپتان روہت شرما پر دباؤ ہے بلکہ یہ دباؤ ڈریسنگ روم میں بھی محسوس کیا جا رہا ہے۔

جمعرات کو سڈنی میں خلافِ روایت کپتان کے بجائے بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے پری میچ پریس کانفرنس کی جس کے دوران صحافیوں نے اُن سے کئی سخت سوالات کیے۔

بھارتی کوچ گوتم گمبھیر سے جب پوچھا گیا کہ پری میچ پریس کانفرنس عموماً کپتان کرتے ہیں تو آپ کو ایسا کیوں کرنا پڑ رہا ہے؟

جس پر اُن کا کہنا تھا کہ روہت شرما بالکل ٹھیک ہیں اور ان کے خیال میں کپتان کی جانب سے ہی پری میچ پریس کانفرنس کرنا کوئی روایت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہیڈ کوچ یہاں موجود ہے اور یہ ٹھیک ہے۔ ہم کل پچ کا جائزہ لیں گے جس کے بعد جمعے کو ہی ٹیم کا اعلان کریں گے۔

جب صحافیوں نے سوال کیا کہ کیا روہت شرما فائنل الیون کا حصہ ہوں گے؟ تو اس پر گوتم گمبھیر نے اس بات کی تصدیق سے انکار کر دیا کہ کپتان شرما پانچواں ٹیسٹ کھیلیں گے یا نہیں۔

گمبھیر کا کہنا تھا کہ " جیسا میں نے کہا کہ ہم وکٹ کا جائزہ لیں گے اور اس کے بعد کل ہی فائنل الیون کا اعلان کریں گے۔ لہذآ میرا جواب اپنی جگہ موجود ہے۔"

واضح رہے کہ دورۂ آسٹریلیا کے دوران بھارتی کپتان روہت شرما کی اب تک کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے۔ کینگروز کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی چھ اننگز میں وہ صرف 35 رنز ہی بنا سکے ہیں۔

  روہت شرما سمیت بھارتی اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی کی کارکردگی پر بھی ناقدین نے سوالیہ نشان اٹھائے تھے اور دونوں کی کرکٹرز پر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔

ڈریسنگ روم میں لڑائی کی تردید

بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے میلبرن ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد ڈریسنگ روم میں فاسٹ بالر آکاش دیپ کی ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ ہونے والی مبینہ لڑائی سے متعلق میڈیا رپورٹس کی تردید کی۔

انہوں نے کہا کہ وہ صرف رپورٹس ہیں، یہ سچ نہیں ہے اور میرے خیال میں مجھے اس طرح کی کسی بھی رپورٹ کا جواب دینے کی ضرورت نہیں ہے۔

گمبھیر کے مطابق آکاش دیپ کمر درد کی وجہ سے سیریز کا آخری ٹیسٹ نہیں کھیل سکیں گے۔ تاہم انہوں نے کسی متبادل کا نام بھی نہیں بتایا۔

Watch Live Public News