محکمہ موسمیات کی مختلف علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کی مختلف علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی
کیپشن: محکمہ موسمیات کی ملک بھر میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات کے دوران شدید سردی برقرار رہے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے وقت درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کا خدشہ ہے، جس کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو سکتے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا، اسلام آباد، بالائی و وسطی پنجاب، کشمیر اور شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی ہوئی۔

اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ بارش دیر بالا میں 28 ملی میٹر اور دیر زیریں میں 21 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ کاکول میں 25، بالاکوٹ میں 20، پاراچنار اور چراٹ میں 16، دروش اور تخت بائی میں 12 جبکہ باچا خان ایئرپورٹ پر 11 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

پنجاب میں اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں 10 سے 21 ملی میٹر تک بارش ہوئی، جبکہ ساہیوال میں 8 ملی میٹر اور دیگر شہروں میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔

کشمیر میں گڑھی دوپٹہ میں 21 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ بلوچستان میں سمنگلی اور کوئٹہ میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ برفباری کے حوالے سے مالم جبہ میں 14 انچ، کالام اور مری میں 4، جبکہ زیارت میں 2 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی۔

کم سے کم درجہ حرارت کے لحاظ سے لہہ میں منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ، قلات میں منفی 5 جبکہ گوپس اور مالم جبہ میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو سرد موسم اور دھند کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے خاص طور پر سفر کے دوران محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔

Watch Live Public News