پشاور:نجی ٹیکسیز کیلئے نئےقوانین متعارف

پشاور:نجی ٹیکسیز کیلئے نئےقوانین متعارف
کیپشن: پشاور:نجی ٹیکسیز کیلئے نئےقوانین متعارف

ویب ڈیسک: پشاور انتظامیہ نے ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور مسافروں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے نجی ٹیکسیوں کی رجسٹریشن، معیاری یونیفارم اور رنگ اسکیم متعارف کرانے کا حکم دے دیا ہے، جبکہ 100 سے زائد غیر قانونی ٹرانسپورٹ سروسز کو فوری طور پر بند کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

یہ فیصلے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سربراہ ریاض خان محسود کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیے گئے، جس میں شہر بھر کی ٹریفک صورتحال اور پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کا جائزہ لیا گیا۔

نئے احکامات کے تحت پشاور میں چلنے والی تمام نجی ٹیکسیوں کو ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ رجسٹریشن کروانا ہوگی۔ رجسٹرڈ ٹیکسیوں کے لیے یکساں رنگ اسکیم اور کیو آر کوڈ اسٹیکرز لازمی ہوں گے۔ حکام کے مطابق غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، جس میں جرمانے اور گاڑی ضبط کرنا شامل ہے۔

انتظامیہ نے 100 سے زائد غیر قانونی ٹرانسپورٹ سروسز، جن میں غیر مجاز رکشے اور اسپیڈ اسٹیشنز شامل ہیں، کو بند کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان سروسز کے ٹھیکیداروں کو گرفتار کیا جائے گا۔

ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے چارسدہ اور کوہاٹ روڈ پر غیر ضروری یوٹرنز بند کرنے اور تجاوزات کے خلاف کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ رش کا باعث بننے والے بی آر ٹی اسٹیشنز کو کھلے مقامات پر منتقل کیا جائے گا۔

اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ اسسٹنٹ کمشنرز، ٹریفک پولیس اور ٹرانسپورٹ حکام پر مشتمل مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی، جو بی آر ٹی کوریڈور کے ساتھ غیر قانونی طور پر چلنے والے رکشوں، چنگچیوں اور لوڈرز کے خلاف کارروائی کریں گی۔

Watch Live Public News