اسلام آباد ( پبلک نیوز) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ، تعمیرات و ترقی کا اجلاس ہوا جس میں راولپنڈی لئی بزنس ڈسٹرکٹ منصوبہ کے بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ مشیر وزیر اعلی پنجاب ڈاکٹر سلمان شاہ نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ اس منصوبے سے راولپنڈی نالہ لئی کے دونوں اطراف ایکسپریس وے کی تعمیر، نالہ لئی کی صفائی اور اطراف میں بزنس ڈسٹرکٹ کی تعمیر شامل ہیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اس کی بدولت سیلابی صورتحال سے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ممکن ہو سکے گا۔ یہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت چلایا جائے گا جس میں حکومت صرف اراضی فراہم کرے گی۔ اس منصوبے کے تحت مجوزہ بزنس ڈسٹرکٹ سے کثیر معاشی فوائد کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ اجلاس کو منصوبے کے لیے درکار قانونی ترامیم، انتظامی ڈھانچے اور ٹائم لائنز کے بارے بھی آگاہ کیا گیا۔ چیف سیکریٹری پنجاب نے اجلاس کو گجرانوالہ ڈیویلپمنٹ پلان پر بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گجرانوالہ کے لیے مالی سال 22-2021 صوبائی اور وفاقی ترقیاتی پروگرام میں 40 منصوبے شامل کئے گئے ہیں جن میں زراعت، صنعت، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، ماحولیاتی تحفظ، پینے کا پانی اور سیوریج شامل ہیں۔ وزیر اعظم نے دونوں منصوبوں کی افادیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور شہریوں کو براہ راست فوائد حاصل ہوں گے۔ منصوبہ بندی کو موثر بنانے کے لئے پرائیوٹ سیکٹر کے ماہرین سے رائے لی جائے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ منصوبوں سے بہترین معاشی فوائد حاصل کرنے کے لیے متبادل پلان بنائے جائیں۔ سرکاری اراضی واگزار کرانے کو ترجیح دی جائے۔ منصوبوں سے متعلق اہداف کو مقررہ اور طے شدہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔ اجلاس میں وزیر مملکت فرخ حبیب،معاونین خصوصی ملک امین اسلم، ڈاکٹر شہباز گل، چیؤرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ و ڈیولپمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر اور سینئیر افسران شریک ہوئے جبکہ وزیر ہاؤسنگ پنجاب میاں محمود الرشید، مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ اور چیف سیکریٹری پنجاب نے ویڈیو لنک کے ذریعہ شرکت کی۔