کراچی ( پبلک نیوز) پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کچھ انٹرنیشل ایئر لائنز کی جانب سے پروازوں کی اچانک منسوخی کا سخت نوٹس لے لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق واضح ہدایات کی موجودگی میں پروازوں کی منسوخی مسافروں کے لیے پریشانی کا باعث بنی۔ پروازیں منسوخ کرنے والی ایئرلائنز کو سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے تنبیہہ جاری کر دی گئی۔ این سی او سی نے صورت حال میں بہتری کے پیش نظر بیرون ملک سے آنی والی پروازوں میں بتدریج اضافہ کیا۔ 15 جون 2021 سے لے کر اب تک 4 ہزار مسافر یومیہ کی تعداد کو بڑھا کر 8 ہزار تک کر دیا گیا۔ برطانیہ، یورپ، کینیڈا، چین اور ملائئشیا سے آنے والی پروازوں کو 20 فیصد سے بڑھا کر 40فیصد کر دیا گیا۔ کورونا کی روک تھام کے لیے این سی او سی نے ایک مربوط نظام مرتب کیا۔ باہر سے آنے والی پروازوں کو مروجہ ٹیسٹنگ اور قرنطینہ کے مراحل سے گزارا جاتا ہے۔ بیرونی ممالک سے آنے والے دو لاکھ اسی ہزار افراد کے ٹیسٹ کیے گئے۔ جس میں سے 600 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے جن کو قرنطینہ کیا گیا۔