ویب ڈیسک: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے درمیان دو گھنٹے جاری رہنے والی ٹیلیفونک گفتگو میں ایران کے ایٹمی پروگرام پر جامع تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق صدر میکرون نے اس بات پر تشویش ظاہر کی کہ ایران کا جوہری پروگرام اور میزائل ٹیکنالوجی مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام کا باعث بن سکتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایران کو چاہیے کہ وہ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کے ساتھ تعاون کرے اور جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (NPT) کی مکمل پاسداری کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے جوہری اور میزائل پروگرام کا سفارتی حل نکالنے کے لیے پرعزم ہیں۔
دوسری جانب روسی صدر پیوٹن کا کہنا تھا کہ ایران کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے، اور عالمی برادری کو ایران کی خودمختاری اور سلامتی کا احترام کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ این پی ٹی معاہدے کے تحت ایران کو جوہری توانائی کے استعمال کا حق حاصل ہے۔