پاکستان ڈیجیٹل انقلاب کی راہ پر گامزن،سافٹ پاور سےاسمارٹ پاور کا سفر

پاکستان ڈیجیٹل انقلاب کی راہ پر گامزن،سافٹ پاور سےاسمارٹ پاور کا سفر
کیپشن: پاکستان ڈیجیٹل انقلاب کی راہ پر گامزن،سافٹ پاور سےاسمارٹ پاور کا سفر

ویب ڈیسک: پاکستان نے ڈیجیٹل معیشت کی طرف ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے اسٹریٹجک بِٹ کوائن ریزرو قائم کر دیا ہے، جو ملک کو کرپٹو اور بلاک چین ٹیکنالوجی میں عالمی سطح پر ایک نئی شناخت فراہم کر رہا ہے۔

تفصیلا ت کے مطابق اس انقلابی اقدام کے پیچھے وزیراعظم کے معاون خصوصی اور بلاک چین ماہر بلال بن ثاقب کی قیادت میں تشکیل دی گئی حکمت عملی ہے، جس کا مقصد پاکستان کو سافٹ پاور سے آگے بڑھا کر اسمارٹ پاور کی صف میں شامل کرنا ہے۔

دنیا بھر میں کرپٹو کرنسی استعمال کرنے والوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے، اور 40 ملین سے زائد کرپٹو صارفین کے ساتھ پاکستان پہلے ہی عالمی فہرست میں نمایاں مقام حاصل کر چکا ہے۔ اس تناظر میں "اسٹریٹجک بِٹ کوائن ریزرو" نہ صرف ڈیجیٹل خودمختاری کی طرف قدم ہے بلکہ عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کا بھی مظہر ہے۔

 حکومت پاکستان نے ملک کی پہلی "ڈیجیٹل ایسیٹس اتھارٹی" قائم کرنے کا بھی اعلان کر دیا ہے، جس کا مقصد بلاک چین، کرپٹو، اور ڈیجیٹل اثاثوں کے لیے واضح پالیسی، نگرانی اور سرمایہ کاری کے محفوظ مواقع فراہم کرنا ہے۔ یہ اتھارٹی پاکستان میں ڈیجیٹل اثاثوں کے کاروبار کو باقاعدہ بنانے میں مرکزی کردار ادا کرے گی۔

ترسیلات زر کو مزید آسان اور سستا بنانے کے لیے حکومت پاکستان نے "اسٹیبل کوائنز" کے ذریعے ادائیگیوں کا نظام متعارف کرانے پر کام شروع کر دیا ہے، جس سے بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اپنی رقوم محفوظ، تیز اور کم لاگت میں وطن بھجوا سکیں گے۔

ملک کے نوجوانوں کو مستقبل کی معیشت سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ویب 3، مصنوعی ذہانت (AI) اور بلاک چین جیسے شعبوں میں تربیتی پروگراموں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ان پروگرامز کا مقصد پاکستان کے نوجوانوں کو عالمی معیار کی مہارتوں سے لیس کرنا اور انہیں روزگار کے جدید مواقع فراہم کرنا ہے۔

پاکستان کے اس ڈیجیٹل ویژن کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہو رہی ہے، اور مختلف عالمی بلاک چین کمپنیاں پاکستان میں ترقیاتی منصوبے شروع کرنے میں دلچسپی کا اظہار کر چکی ہیں۔ ان اقدامات سے پاکستان کو کرپٹو دنیا میں ایک فعال کھلاڑی کے طور پر متعارف کرانے کی راہ ہموار ہو چکی ہے۔

جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی تعمیر اور عالمی بلاک چین سسٹمز سے انضمام کے ذریعے پاکستان اب نہ صرف ڈیجیٹل خودمختاری کی جانب بڑھ رہا ہے بلکہ ڈیجیٹل معیشت کے عالمی منظرنامے میں خود کو ایک بااثر ملک کے طور پر متعارف کرا رہا ہے۔

Watch Live Public News