ویب ڈیسک: عمان کے مشہور "بوشر بائیکرز کلب" نے حالیہ دنوں پاکستان کا سیاحتی دورہ کیا، جس میں انہوں نے پاکستان کی قدرتی خوبصورتی، ثقافت، روایات اور مہمان نوازی کو قریب سے دیکھا اور سراہا۔ اس دورے کو نہ صرف عمانی بائیکرز بلکہ اوورسیز پاکستانیوں نے بھی ناقابلِ فراموش تجربہ قرار دیا۔
تفصیلات کے مطابق بائیکرز نے اپنے دورے کا آغاز اسلام آباد سے کیا اور شمالی پاکستان کے حسین علاقوں، خاص طور پر خنجراب پاس تک کا شاندار سفر کیا۔ ان کے مطابق یہ سفر ہر طرح کے موسمی مناظر کا حسین امتزاج تھا، جو کسی بھی سیاح کے لیے ایک خواب جیسا ہوتا ہے۔
ماجد عبداللہ الراوحی نے کہا کہ " پاکستان بہت خوبصورت اور محفوظ ملک ہے۔ یہاں کے لوگ بہت دوستانہ ہیں اور سیاحوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔پاکستانی حکومت اور عوام نے جس گرمجوشی سے ہمارا استقبال کیا، وہ قابلِ تحسین ہے۔"
محمد جمعہ صالح الراوحي کا کہنا تھا کہ " پاکستان آنے کا تجربہ نہایت خوشگوار رہا۔ یہاں آ کر اندازہ ہوا کہ دنیا میں پاکستان کے متعلق جو منفی تاثر دیا جاتا ہے، وہ سراسر غلط ہے۔ یہ ملک اس سے بالکل مختلف ہے۔"
محمد حسن عیسیٰ المانی نے کہا کہ "بائیکنگ اور سیاحت کے شوقین حضرات کے لیے پاکستان ایک بہترین مقام ہے۔ یہاں کی قدرتی خوبصورتی، مہم جوئی اور کیمپنگ کے مواقع بے مثال ہیں۔"
کامل نصیر علی نے نئے سیاحوں کو پیغام دیا کہ "اگر آپ نئی جگہیں دریافت کرنا چاہتے ہیں تو پاکستان ضرور آئیں۔"
اوورسیز پاکستانی محمد کاشف اور عاطف علی نے بھی اس دورے میں شرکت کی اور کہا کہ "شمالی پاکستان کا سفر ناقابلِ فراموش رہا۔ یہاں کی مہمان نوازی نے ہمیں بے حد متاثر کیا۔"