(ویب ڈیسک ) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) نے 2 تا8 جولائی 2025 کے دوران مختلف علاقوں کیلئے مون سون بارشوں اورممکنہ سیلاب کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، اور شمال مشرقی پنجاب میں 5 تا 8 جولائی کے دوران شدید بارشوں کا امکان ہے۔دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں اضافہ اورمنسلک ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
جاری الرٹ کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے باعث نچلے درجے کی سیلابی صورتحال پید ا ہونے کا امکان ہے۔گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے علاقوں میں گلیشائی جھیلیوں کے پھٹنے کے باعث سیلاب GLOF،لینڈ سلائیڈنگ سمیت نشیبی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، سیالکوٹ اور نارووال میں شہری سیلاب جبکہ ڈی جی خان اور راجن پور کے ہل ٹورنٹس میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔ لاہور، سیالکوٹ، گجرات اور نارووال کے نالوں بشمول ایک، دیگ، بیئن اور پلکھو میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔
جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ بارش اور تیز ہواؤں کے دوران کمزور تعمیرات، کچی دیواروں، بجلی کے کھمبوں اوربل بورڈز سے دور رہیں۔ آندھی اور طوفان کے دوران حد نگاہ بھی کم ہو سکتی ہے جو حادثات کا باعث بنتی ہے لہذا محتاط رہیں۔ بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اچانک اضافہ ہو جاتا ہے لہذا محتاط رہیں ۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
عوام سے گزارش کی ہے کہ موسم اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے آگاہی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے راہنمائی لیں۔