سربراہ پاک فضائیہ ظہیر احمد بابر سدھو کا  دورہ امریکا، اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کیں

سربراہ پاک فضائیہ ظہیر احمد بابر سدھو کا  دورہ امریکا، اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کیں

(ویب ڈیسک ) ائیر چیف ظہیر احمد بابر سدھو کا دورہ ایک دہائی سے زیادہ عرصے میں کسی بھی حاضر سروس  سربراہ کا پہلا دورہ امریکا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے   امریکا کا سرکاری دورہ کیا۔ ائیر چیف   کادورہ پاک امریکا دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے اور باہمی مفادات کو فروغ دینے کے لیے اہم پیش رفت ہے، ائیر چیف کا دورہ ایک دہائی سے زیادہ عرصے میں کسی بھی حاضر سروس  سربراہ کا پہلا دورہ امریکا تھا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہےکہ   اعلیٰ سطح کا دورہ پاکستان اور امریکا کے دفاعی تعلقات میں  تزویراتی سنگِ میل ثابت ہوا،  ائیر چیف کے دورے سے نہ صرف ادارہ جاتی روابط مضبوط ہوئے بلکہ علاقائی اور عالمی سیکیورٹی کے کلیدی امور پر بھی توجہ مرکوز کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطاب ق ایئر چیف  نے امریکی عسکری و سیاسی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔ پینٹاگون میں ائیر چیف  نے سیکرٹری آف دی ایئر فورس برائے بین الاقوامی امور، کیلی ایل سی بولٹ سے ملاقات کی۔ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو  نے امریکی فضائیہ کے چیف آف اسٹاف جنرل ڈیوڈ ڈبلیو آلوِن سے  بھی ملاقات  کی۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ   دو طرفہ عسکری تعاون کو فروغ دینے، مشترکہ تربیت اور ٹیکنالوجی کے تبادلوں کے مواقع تلاش کرنے اور باہمی انضمام کو بہتر بنانے پر تبادلہ خیال  کیا گیا۔

ایئر چیف نے پاکستان اور امریکا کے  تاریخی اور ہمہ جہتی تعلقات، بالخصوص دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو اجاگر کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق   ائیر چیف  نے پاک امریکا فضائی افواج کے درمیان تربیتی و عسکری تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔مستقبل میں اعلیٰ سطح پرعسکری روابط کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا،مشترکہ تربیت، آپریشنل مشقوں اور عسکری تبادلہ پروگراموں میں جاری تعاون کو مؤثر طور پر آگے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ائیر چیف نے سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میں بیورو آف پولیٹیکل-ملٹری افیئرز کے  براؤن ایل. سٹینلی اور بیورو آف ساؤتھ اینڈ سینٹرل ایشین افیئرز کے مسٹر ایرک میئر سے ملاقاتیں کیں۔  ائیر چیف نے پاکستان کے خطے میں استحکام کے لیے تعمیری کردار اور دہشتگردی کے خلاف پختہ عزم کو اجاگر کیا۔  ائیر چیف نے جنوبی و وسط ایشیا کے بدلتے ہوئے جیو پولیٹیکل منظرنامے پر پاکستان کے نکتۂ نظر پر روشنی ڈالی۔

Watch Live Public News