مہلک ، غیر مہلک حادثات ، غیر ذمہ درانہ ڈرائیونگ پر اب لائسنس معطل ہوگا، سی ٹی او کا بڑا حکم

مہلک ، غیر مہلک حادثات ، غیر ذمہ درانہ ڈرائیونگ پر اب لائسنس معطل ہوگا، سی ٹی او کا بڑا حکم

(ویب ڈیسک ) سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی  نے حادثات کی روک تھام کے لیے بڑا فیصلہ، مہلک، غیر مہلک حادثات اور غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ پر ڈرائیور کا لائسنس معطل کرنے کا حکم دے دیا۔

چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے شہر میں ٹریفک حادثات کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے ہدایت جاری کی ہے کہ مہلک، غیر مہلک حادثات اور غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ میں ملوث ڈرائیوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ ایسے ڈرائیور جن کی غفلت، لاپرواہی یا غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے باعث حادثات رونما ہوں گے، ان کے ڈرائیونگ لائسنس قانون کے مطابق کم از کم 6 ماہ سے 3 سال تک کے لیے معطل کیے جا سکیں گے۔ جبکہ مہلک حادثات میں ملوث ڈرائیوروں کے ڈرائیونگ لائسنس کی بحالی متعلقہ عدالت کے حکم سے مشروط ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ڈرائیور لائسنس کی معطلی کے باوجود گاڑی چلاتا پایا گیا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا جائے گا۔

سی ٹی او لاہور نے واضح کیا کہ ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں نہ صرف قانون شکنی ہیں بلکہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بھی بنتی ہیں، لہٰذا ایسی غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ لاہور ٹریفک پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھتی ہے اور اسی مقصد کے تحت ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محفوظ شاہراہوں کے قیام، حادثات میں کمی اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے فروغ کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل جاری رہے گا۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں، رفتار پر قابو رکھیں، محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کو اپنی عادت بنائیں تاکہ اپنی اور دوسروں کی جان و مال کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔

سی ٹی او لاہور نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حادثات کی روک تھام، محفوظ سفر کے فروغ اور قانون کی بلاامتیاز عملداری کے لیے سخت قانونی اقدامات آئندہ بھی جاری رہیں گے، کیونکہ ٹریفک قوانین کی پابندی ہی حادثات میں کمی اور محفوظ لاہور کی ضمانت ہے۔

Watch Live Public News